سوال
وہ ایک کھلنڈرا سا نوجوان تھا جس نے نہ تعلیم حاصل کرنے میں دلچسبی لی اور نہ ہی کوئی ہنر سیکھا۔ گھر سے بستہ اٹھا کر وہ روزانہ سکول تو جاتا تھا لیکن سارا دن کسی پارک میں گزار دیتا ۔ پھر اسکی دوستی کچھ مزید آوارہ بچوں سے ہو گئی جو نشہ کرتے تھے۔ سگریٹ کا وہ بہت پہلے سے ہی شوقین تھا اور اب اس نے چرس بھی پینی شروع کر دی۔ گھر سے جو دو چار روپے ماں دیتی تھی اس میں سگریٹ بیڑی تو آ جاتی تھی لیکن چرس کا خرچہ پورا کرنے کے لیے اس نے پاکٹ مارنے شروع کر دیے۔ پارک میں خفیہ ملاقاتوں پر آئے جوڑوں سے بھی کچھ بخشیش مل جاتی تھی ۔ کافی دفعہ پولیس سے مڈبھیڑ ہوئی ۔ ایک بار تو چند راتیں تھانے میں گزارنی پڑیں۔ حوالات میں اسکی دوستی جیرا بلیڈ سے ہو گئی اور اس طرح وہ باقاعدہ جرائم کی دنیا میں داخل ہو گیا۔ "سر، یہ آپ کس کی کہانی لکھ رہے ہیں۔۔۔؟" میری کرسی کے پیچھے کھڑے عامر نےمتجسس انداز میں سوال کیا۔ میں نے مڑ کر عامر کو دیکھا جو میری کمپیوٹر سکرین پر نظر جمائے کھڑا تھا۔ وہ ہمارے دفت...